لاہور (پنجاب پوسٹ) تھانہ شاہدرہ میں درج مقدمے کے مطابق سگیاں پل پر پولیس اہلکار معمول کے مطابق ڈیوٹی پر موجود تھا کہ ایک نامعلوم شخص ہنڈا 125 موٹر سائیکل پر ناکے کے قریب پہنچا۔
مقدمے کے مطابق موٹر سائیکل سوار بائیک سے اترا اور پولیس اہلکار سے کہا کہ آپ لوگ بہت اچھی ڈیوٹی کرتے ہیں، جس کے بعد اس نے اہلکار کو 500 روپے بطور رشوت دینے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق دیگر اہلکاروں کی مدد سے ملزم کو قابو کر لیا گیا، جبکہ ملزم کی جانب سے رقم دینے کی معقول وجہ بیان نہ کرنے پر اسے حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس نے 500 روپے کا نوٹ بھی قبضے میں لے کر بطور ثبوت محفوظ کر لیا۔
مقدمے میں کہا گیا ہے کہ افسرانِ بالا کی جانب سے رشوت لینے اور دینے کے حوالے سے سخت احکامات جاری کیے جا چکے ہیں، لہٰذا رشوت ستانی کی حوصلہ شکنی کے لیے ملزم کے خلاف دفعہ 162 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔











