لاہور(پنجاب پوسٹ) سکول سے واپس آنے والی 13 سالہ بچی کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے والے ملزم کو چوکی بی بی پاکدامن پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے چند گھنٹوں میں گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق سکول سے گھر واپس جانے والی 13 سالہ بچی کو راستے میں ملزم انور نے مبینہ طور پر ہراساں کیا اور اس کے ساتھ فحش حرکات کیں۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر چوکی بی بی پاکدامن پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کی، جس کی مدد سے ملزم کی شناخت کی گئی اور اسے چند گھنٹوں میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس نے گرفتار ملزم انور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
ایس پی منزہ کرامت کا کہنا ہے کہ شہریوں، خصوصاً بچیوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، جبکہ ایسے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔










