لاہور(پنجاب پوسٹ)بورڈ آف ریونیو پنجاب کا سال 2026 کا دوسرا فل بورڈ اجلاس سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں عوامی ریلیف، محکمہ کی کارکردگی اور اہم ایجنڈا آئٹمز کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے متعدد امور کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات اور قوانین میں ضروری ترامیم کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری ریونیو شفقت اللہ مشتاق نے بتایا کہ لینڈ ریکارڈ کے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور محکمہ کے ہیومن ریسورس کی کیپیسٹی بلڈنگ پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
اجلاس میں لینڈ ریکارڈ سسٹم میں جدید اصلاحات پر حکومت پنجاب اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی کاوشوں کو سراہا گیا۔ اس موقع پر بورڈ آف ریونیو کے ملازمین کے لیے روڈا کے ساتھ رہائشی کالونی کے معاہدے کی حتمی منظوری بھی دے دی گئی۔
سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید نے کہا کہ پبلک سروس ڈیلیوری اور شہریوں کو دہلیز پر انصاف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اراضی کیسز کے فیصلے شفافیت اور انصاف کی بنیاد پر کیے جائیں، کسی بھی شہری سے ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی۔










