لاہور (پنجاب پوسٹ) حکومت پنجاب نے پنجاب پولیس میں ٹریفک اسسٹنٹس اور کانسٹیبلز کی بھرتیوں کی منظوری دے دی، جس کے تحت صوبے میں مجموعی طور پر 3 ہزار 565 نئی بھرتیاں کی جائیں گی۔
مراسلے کے مطابق پنجاب پولیس میں نفری کی کمی کو پورا کرنے کے لیے نئے ٹریفک اسسٹنٹس اور کانسٹیبلز بھرتی کیے جائیں گے۔ پولیس رول 1934 کے تحت ایک اہلکار 450 افراد کی سکیورٹی کے لیے مختص ہے۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں صوبے بھر میں کانسٹیبلز اور ٹریفک اسسٹنٹس کی بھرتیوں کی منظوری دی گئی۔
حکومت کی جانب سے منظور کردہ بھرتیوں میں 50 فیصد کوٹہ فوری طور پر جبکہ باقی 50 فیصد کوٹہ موجودہ مالی سال 2026-27 کے تیسرے کوارٹر میں مکمل کیا جائے گا۔
مراسلے کے مطابق ہر ضلع میں بھرتی کے لیے سینکڑوں درخواستیں پہلے سے موجود ہیں، جبکہ ہر ضلع میں ریکروٹمنٹ اور ریویو بورڈ کا سربراہ ڈی آئی جی، متعلقہ ڈی پی او سیکرٹری جبکہ ایس ایس پی یا ایس پی ممبر ہوگا۔
پہلے مرحلے میں جنرل ایگزیکٹو کیڈر میں ایک ہزار 782 کانسٹیبلز کی بھرتیاں کی جائیں گی۔
حکومت پنجاب کی منظوری کے بعد پنجاب پولیس میں ٹریفک اسسٹنٹس اور کانسٹیبلز کی بھرتیوں کا عمل جلد شروع کردیا جائے گا۔










