راولپنڈی (پنجاب پوسٹ) راولپنڈی-اسلام آباد ایکسپریس وے سے ملحقہ گنگال سٹاپ کے قریب جنگل میں 8 سالہ بچی سے 3 افراد کی جانب سے مبینہ زیادتی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
متاثرہ بچی شاہین ٹاؤن راولپنڈی کی رہائشی ہے۔ اہل خانہ کے مطابق بدھ کی رات 8 بجے بچی کو زخمی حالت میں سینٹر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں طبی امداد کے بعد جمعرات شام 6 بجے اسے گھر واپس لایا گیا۔
خاندان کا کہنا ہے کہ واقعے کو 36 گھنٹے سے زائد گزر چکے ہیں، تاہم پولیس کی جانب سے تاحال کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ متاثرہ خاندان انتہائی غریب ہے اور انصاف کا منتظر ہے۔
اہل خانہ نے الزام عائد کیا کہ پولیس کیس کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے اور ابھی تک کوئی سینئر پولیس افسر ان سے ملاقات کے لیے نہیں آیا۔ بچی کے والد کو واقعے کی اطلاع ملنے پر دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
علاقہ مکینوں نے راولپنڈی اور اسلام آباد انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایکسپریس وے سے ملحقہ جنگل کی صفائی اور سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں، کیونکہ ان کے مطابق وہاں آئے روز جرائم کے واقعات پیش آتے ہیں۔
شہریوں نے سی پی او راولپنڈی سے فوری نوٹس لینے، واقعے کی شفاف تحقیقات اور مبینہ ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔










