لاہور (پنجاب پوسٹ) گنجان آباد علاقے اچھرہ سے 12 سالہ بچی جویریہ کی گمشدگی کا صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے نوٹس لے لیا۔ بچی 9 روز گزرنے کے باوجود تاحال بازیاب نہ ہو سکی۔
جویریہ کے والد نے حکومت پنجاب سے بیٹی کی فوری بازیابی کے لیے نوٹس لینے کی اپیل کی، جس پر صوبائی وزیر قانون نے ایس پی ماڈل ٹاؤن سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔
رانا محمد اقبال خان نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ جویریہ کی بازیابی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنائے جائیں اور پولیس بچی کی تلاش کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے۔
یہ بھی پڑھیں: بھاٹی گیٹ میں لین دین کا تنازعہ،سگی بہن پر تشدد کرنے والا ملزم گرفتار
صوبائی وزیر قانون نے ہدایت کی کہ بچی کے والدین کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
رانا محمد اقبال خان کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت بچیوں اور خواتین کے تحفظ کے معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرے گی۔










