جنوبی پنجاب کے بعد سرگودھا ڈویژن کے ممبران اسمبلی سے ملاقات، مریم نواز اچانک ایم پی ایز سے ملنا کیوں شروع ہوگئی ہیں؟

لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سرگودھا ڈویژن کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاحی پروگراموں اور علاقے میں ترقیاتی کاموں کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر صہیب احمد ملک، منصور اعظم، میاں سلطان رانجھا، اکرام الحق، صفدر حسین ساہی، رانا منور حسین، تیمور علی خان اور سردار عاصم شیر میکن شامل تھے۔

ارکان صوبائی اسمبلی نے سرگودھا نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام اور ریکارڈ مدت میں تکمیل پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ ارکان اسمبلی نے سرگودھا میں الیکٹروبس سروس کے آغاز پر بھی اظہار تشکر کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سرگودھا میں مزید 7 الیکٹروبسیں فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ ارکان اسمبلی کو مثالی گاؤں، ستھرا پنجاب پروگرام اور صاف پانی پراجیکٹ کی کڑی مانیٹرنگ کی ہدایت بھی کی گئی۔

ملاقات میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کے لیے تجاویز اور سفارشات پر غور کیا گیا، جبکہ ارکان صوبائی اسمبلی نے مختلف ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے حوالے سے عوام کے خوشگوار فیڈ بیک سے بھی وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔

ارکان اسمبلی نے بتایا کہ بھلوال، بھیرہ، سلانوالی، یونیورسٹی، ڈی ایچ کیو، شاہین آباد، کوٹ مومن اور تحصیل ساہیوال میں الیکٹروبس سروس سے روزانہ ہزاروں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔

ارکان صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ سرگودھا میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا قیام ناقابل فراموش اقدام ہے، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے فلاحی منصوبوں کو پاکستان ہی نہیں بلکہ بیرون ملک بھی سراہا جاتا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کو بالخصوص بچوں اور خواتین کو الیکٹروبسوں میں آرام دہ سفر کرتے دیکھ کر دلی اطمینان ہوتا ہے۔ سرگودھا سمیت ہر شہر کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے، عوام کی سہولت کے لیے تمام وسائل حاضر ہیں۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر ہر حصے میں بلاتمیز و امتیاز ترقی نواز شریف کا ویژن ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے