لاہور: لیاقت آباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پرانی سبزی منڈی سے چوری شدہ مال خیبرپختونخوا منتقل کرنے والے دو رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق گرفتار ملزمان عمران اور ولید شہریوں سے جھپٹا مار کر اور اسلحہ کے زور پر لوٹ مار کی وارداتیں کرتے تھے۔ ملزمان خصوصاً خواتین اور بزرگ شہریوں کو نشانہ بناتے اور موبائل فونز و دیگر قیمتی سامان چھین لیتے تھے۔
پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک ملزم کو موٹر سائیکل چوری کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے، جبکہ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان اب تک 30 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
ایس پی اسد علی کا کہنا ہے کہ ملزمان چوری شدہ سامان مختلف ذرائع سے صوبہ خیبرپختونخوا منتقل کر کے فروخت کرتے تھے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 13 موبائل فونز، ایک موٹر سائیکل، پستول اور 5 لاکھ 50 ہزار روپے نقدی برآمد کر لی ہے۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔














