بہاولنگر(پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن اور اوپن ڈور پالیسی کے تحت بہاولنگر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او اور ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن بہاولپور زاور منظور وڑائچ سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
کھلی کچہری کے دوران ضلع بھر سے آنے والے سائلین نے اپنے مسائل اور شکایات اعلیٰ افسران کے سامنے پیش کیں۔ افسران نے شہریوں کی شکایات تفصیل سے سنیں اور متعدد مسائل کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر قابلِ سماعت درخواستیں فوری داد رسی کے لیے متعلقہ محکموں کو بھجوا دی گئیں، جبکہ موصول ہونے والی شکایات پر میرٹ اور قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
افسران نے کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد عوام کو سرکاری دفاتر کے غیر ضروری چکروں اور مشکلات سے بچانا اور انہیں بروقت انصاف و ریلیف فراہم کرنا ہے۔ شہریوں کی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
کھلی کچہری کے شرکاء نے افسران کی جانب سے موقع پر مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے فوری احکامات جاری کرنے کے اقدام کو سراہا۔











