سیالکوٹ (پنجاب پوسٹ) سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سفارتی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا، کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے اعلیٰ سطح کے سفارتی وفد کے ہمراہ ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔ دورے میں سیالکوٹ اور کینیڈا کے درمیان براہِ راست فضائی آپریشن اور تجارتی روابط کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
پاکستان میں تعینات کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان اپنے وفد کے ہمراہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے، جہاں چیئرمین سیال ملک عبدالغفور، وائس چیئرمین شاہد رضا اور بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
چیئرمین سیال ملک عبدالغفور نے کینیڈین وفد کو سیالکوٹ ایئرپورٹ کی آپریشنل خصوصیات، کارگو صلاحیتوں اور کاروباری برادری کی کاوشوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
دورانِ ملاقات سیالکوٹ اور کینیڈا کے درمیان براہِ راست پروازوں کے آغاز، تجارتی روابط، کارگو اور ایوی ایشن کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو کی گئی۔
کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان نے سیالکوٹ ایئرپورٹ کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کو سراہتے ہوئے اسے کاروباری برادری کی شاندار پیش رفت قرار دیا۔
طارق علی خان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ عالمی معیار کی مصنوعات کے باعث دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے، مستقبل قریب میں کینیڈا اور سیالکوٹ کے درمیان ایوی ایشن، تجارت، کارگو اور ثقافتی روابط میں مزید وسعت متوقع ہے۔
تقریب کے اختتام پر چیئرمین سیال ملک عبدالغفور نے کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان کو ادارے کی جانب سے اعزازی شیلڈ پیش کی۔










