خانیوال (پنجاب پوسٹ) پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بڑا کریک ڈاؤن، دو جوس پلانٹس اور ایک پاپڑ فیکٹری کی چیکنگ کے دوران ہزاروں کلو غیر معیاری خوراک برآمد کرلی گئی۔ کارروائی میں 8 ہزار 700 کلو مینگو پلپ، 6 ہزار کلو گلے سڑے پھل اور 650 کلو ناقص سلانٹی تلف کردی گئی، جبکہ تینوں یونٹس کو مجموعی طور پر 24 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز اسد اللہ کے ہمراہ خانیوال کا سرپرائز وزٹ کیا۔ کبیروالا کے 5 کسی، 6 کسی اور مخدوم پور روڈ پر دو بڑے جوس پلانٹس اور ایک پاپڑ فیکٹری کی چیکنگ کی گئی۔
فوڈ اتھارٹی کے مطابق جوس پلانٹس میں غیر معیاری مینگو پلپ اور گلے سڑے پھل استعمال کیے جا رہے تھے، جبکہ سٹوریج ایریاز میں حشرات کی بھرمار، گندگی اور آلودہ پانی بھی موجود تھا۔
یہ بھی پڑھیں: تاندلیانوالہ، دو کلو مرغی کا گوشت خریدتے وقت شہری 65 ہزار روپے سے کیسے محروم ہوگیا؟
کارروائی کے دوران 8 ہزار 700 کلو مینگو پلپ، 6 ہزار کلو گلے سڑے پھل اور 650 کلو ناقص سلانٹی تلف کردی گئی۔ غیر معیاری خوراک کی تیاری پر پاپڑ فیکٹری کو 10 لاکھ روپے جبکہ دونوں جوس پلانٹس کو 7، 7 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔
فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ غیر معیاری خوراک تیار کرکے شہریوں کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے کہا کہ صحت دشمن عناصر کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کے مطابق صوبے بھر میں زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔













