ننکانہ صاحب: غیرت کے نام پر قتل یا ذاتی دشمنی؟ دوست ہی دوست کے قاتل نکلے، نوجوان طارق کی موت کی وجہ کیا نکلی؟

ننکانہ صاحب (پنجاب پوسٹ) نوجوان طارق کے اغواء کا مقدمہ درج ہونے کے ایک روز بعد پولیس نے دو مبینہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ دورانِ تفتیش مبینہ قتل کا انکشاف ہوا، گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر نوجوان کی لاش برآمد کرلی گئی۔ ابتدائی طور پر قتل کی وجہ غیرت بتائی جا رہی ہے، تاہم پولیس نے حتمی وجہ کی تصدیق نہیں کی۔

نوجوان طارق کے اغواء کا مقدمہ تھانہ بڑا گھر میں مقتول کے بھائی خالد کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے واجد، ماجد، اویس اور حمزہ کے خلاف اغواء کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا۔ مقدمہ درج ہونے پر ڈی پی او ننکانہ ارسلان زاہد نے فوری نوٹس لیتے ہوئے مغوی کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک ایس ایچ او تھانہ بڑا گھر انسپکٹر ظفر فرید کو سونپا۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو مرکزی مبینہ ملزمان اویس اور حمزہ کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش مبینہ طور پر قتل کا انکشاف سامنے آیا، جبکہ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر زرعی ٹیوب ویل کے قریب گڑھے سے نوجوان طارق کی لاش برآمد کی گئی۔

کرائم سین یونٹ اور پی ایف ایس اے کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے، جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق زیرحراست ملزمان نے ابتدائی طور پر مبینہ طور پر قتل کی وجہ غیرت قرار دی ہے، تاہم پولیس نے اس کی حتمی تصدیق نہیں کی۔ پولیس کے مطابق مقتول طارق اور نامزد ملزمان آپس میں دوست بھی تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی اصل وجہ اور دیگر پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے، حتمی حقائق تفتیش اور فرانزک شواہد کی روشنی میں سامنے آئیں گے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے