لاہور(پنجاب پوسٹ) لاہور میں سرکاری نوکریوں کا جھانسہ دے کر شہریوں کو لوٹنے والے گروہ کے خلاف این سی سی آئی اے نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان فون کالز پر خود کو مختلف حکومتی عہدیدار ظاہر کرتے اور شہریوں کو ان کے بچوں کی مختلف سرکاری محکموں میں بھرتی کروانے کا جھانسہ دے کر رقم بٹورتے تھے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان حکومتی عہدیداروں کے نام استعمال کرکے سرکاری بھرتیوں میں اثر و رسوخ کا تاثر دیتے اور نوکری دلوانے کے نام پر معززین سے رقم وصول کرتے تھے۔ ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب محمد علی وسیم کی خصوصی ہدایات پر سائبر فراڈ اور جعل سازی کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
تکنیکی تجزیے اور ڈیجیٹل شواہد کی مدد سے این سی سی آئی اے فیصل آباد نے ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ حکومتی عہدیداروں کے نام پر فراڈ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔













