لاہوپ(پنجاب پوسٹ) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے صوبہ بھر میں کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس کی چیکنگ سخت کرنے کی ہدایت کر دی۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے واضح کیا کہ بغیر لائسنس کمرشل گاڑیوں کو پنجاب کی شاہراہوں پر نہیں چلنے دیا جائے گا۔ مال بردار اور مسافر گاڑیاں بغیر لائسنس چلانے والے ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق رواں ماہ پنجاب میں 60 ہزار سے زائد شہریوں کو کمرشل ڈرائیونگ لائسنس کی سہولیات فراہم کی گئیں، جبکہ 3 ہزار 400 سے زائد شہریوں کو ریگولر کمرشل ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔
محمد وقاص نذیر نے کہا کہ بغیر لائسنس ڈرائیورز کو انسانی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کمرشل گاڑیوں کے لائسنس کی چیکنگ یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ سنگین حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے لائسنس منسوخ کرنے کے ساتھ مقدمات بھی درج کیے جا رہے ہیں۔ اڈہ مالکان اور گاڑی مالکان کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ بغیر لائسنس ڈرائیورز کو گاڑی نہ دی جائے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ڈرائیورز کا لائسنس یافتہ ہونا ضروری ہے، جبکہ ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ باقاعدہ ڈرائیونگ تربیت حاصل کرنا بھی ناگزیر ہے۔











