لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر عوامی تحفظ اور محفوظ سفری سہولیات کے لیے QR Panic بٹن کی تنصیب کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
اب تک 66 ہزار سے زائد رکشوں، رائیڈ ہیلنگ سروسز کیبز اور پبلک ٹرانسپورٹ میں QR پینک بٹن آویزاں کیے جاچکے ہیں، جبکہ شہر کے 45 مختلف مقامات پر ٹریفک ٹیمیں اس عمل کو یقینی بنا رہی ہیں۔
رکشوں کے لیے 12 خصوصی ٹیمیں جبکہ ہر ٹریفک سیکٹر میں علیحدہ ٹیم تعینات ہے۔ مختلف رکشہ یونینز کے مطالبے پر 4 نئے لائسنس سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور اسمارٹ ٹریفک مینجمنٹ کے ذریعے شہریوں کو محفوظ، بااعتماد اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
آن لائن کیبز میں جدید ٹریکنگ سسٹم کی تنصیب سے مسافروں اور ڈرائیورز کی مانیٹرنگ مزید مؤثر ہوئی ہے، جبکہ سیفٹی اور سکیورٹی فیچرز نہ اپنانے والی آن لائن کیب سروسز کے خلاف کارروائی کا حتمی فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے۔













