راولپنڈی(پنجاب پوسٹ)ہولی فیملی اسپتال میں ڈاکٹروں نے پیچیدہ مائیکرو ویسکیولر سرجری کے ذریعے 5 سالہ بچے کا مکمل طور پر کٹا ہوا ہاتھ کامیابی سے دوبارہ جوڑ دیا، سرجری کے بعد ہاتھ میں خون کی روانی بھی بحال ہوگئی۔
جہلم سے تعلق رکھنے والے 5 سالہ بچے کا ہاتھ ٹوکے کے وار سے مکمل طور پر کٹ گیا تھا، جس کے بعد اسے فوری طور پر علاج کے لیے راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیا۔
ہولی فیملی اسپتال میں ڈاکٹر طیب اور ڈاکٹر امبرین کی سربراہی میں طبی ٹیم نے بچے کے کٹے ہوئے ہاتھ کو دوبارہ جوڑنے کے لیے پیچیدہ سرجری کی۔ ماہر ڈاکٹروں نے مائیکرو ویسکیولر سرجری کی مدد سے ہاتھ کی خون کی شریانوں اور رگوں کو انتہائی مہارت سے دوبارہ جوڑا۔
ڈاکٹروں کے مطابق کامیاب آپریشن کے بعد بچے کے کٹے ہوئے ہاتھ میں خون کی روانی بحال ہوگئی، جو سرجری کی کامیابی کی اہم علامت ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کم عمر بچوں میں کٹے ہوئے ہاتھ یا دیگر اعضا کو دوبارہ جوڑنے کی سرجری انتہائی پیچیدہ اور حساس نوعیت کی ہوتی ہے، جس کے لیے خصوصی مہارت، جدید طبی سہولیات اور بروقت علاج ضروری ہوتا ہے۔










