سرگودھا(پنجاب پوسٹ) سرگودھا پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے 11 اشتہاری مجرمان سمیت 22 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق موٹر سائیکل چوری میں ملوث 3 رکنی گینگ کو گرفتار کرکے 4 لاکھ 80 ہزار روپے سے زائد مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کیا گیا۔
کارروائیوں کے دوران 5 منشیات فروش اور 5 غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے ملزمان بھی گرفتار کیے گئے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے آئس، شراب اور غیر قانونی پسٹل برآمد ہوئے۔
سرگودھا پولیس کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پولیس نے 4 گمشدہ و لاوارث بچوں کو تلاش کرکے بحفاظت والدین کے حوالے بھی کردیا۔ڈی پی او سرگودھا کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور امن و امان کے قیام کے لیے پولیس ہمہ تن مصروفِ عمل رہے گی۔










