لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ہائیکورٹ میں ویزہ لگوانے کا جھانسہ دے کر شہری سے 10 لاکھ روپے لینے کے الزام میں مقدمے کے ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔
جسٹس غلام سرور نہنگ نے جاوید محمود کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، عدالت نے ایف آئی اے لاہور کے تفتیشی افسر کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مدعی نے بیرون ملک بھجوانے کے لیے درخواست گزار کو 10 لاکھ روپے اقساط میں ادا کیے۔
موقف میں کہا گیا کہ بیرون ملک نہ بھجوانے کی صورت میں مدعی کو رقم واپس کرنے کا معاہدہ کیا گیا تھا، طے شدہ شرائط کے مطابق درخواست گزار نے آدھی رقم بھی واپس کردی۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ تین سال کی تاخیر کے بعد ایف آئی اے نے اس کے خلاف مقدمہ درج کیا، عدالت سے استدعا ہے کہ درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے گرفتاری سے تحفظ فراہم کیا جائے۔
مدعی نے وکیل کرنے کے لیے عدالت سے مہلت طلب کی، جس پر عدالت نے درخواست ضمانت پر سماعت 3 ستمبر تک ملتوی کردی۔











