خانیوال (پنجاب پوسٹ) ریلوے میں ملازمین کی فلاح و بہبود اور سہولیات کی بہتری کے لیے اہم اقدام، وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر خانیوال میں جدید گارڈز اور لوکو پائلٹ رننگ رومز کا افتتاح کردیا گیا۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے نئے رننگ رومز کا افتتاح کیا، جہاں لوکو پائلٹس اور گارڈز کے لیے فائیو اسٹار ہوٹل کے معیار کی رہائش سمیت جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
نئے رننگ رومز میں سولر سسٹم، مسجد اور جدید ڈائننگ ہالز کی سہولت بھی موجود ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ ریلوے کی 89 سالہ تاریخ میں لوکو پائلٹس اور گارڈز کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدام کیا گیا ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ لوکو پائلٹس اور گارڈز ریلوے آپریشن کا اہم حصہ ہیں، ملازمین کی فلاح و بہبود کے ساتھ کارکردگی اور نظم و ضبط پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق ریلوے ملازمین کی حاضری اور بائیومیٹرک نظام کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ ریلوے کو منافع بخش ادارہ بنانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔
حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تمام اقدامات وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کیے جا رہے ہیں۔











