لاہور(پنجاب پوسٹ)صوبائی دارالحکومت لاہور کے سیاحتی مقامات کو مزید خوبصورت اور عوام دوست بنانے کے لیے اپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے جلو پارک کا دورہ کیا اور ٹی ڈی سی پی ریزورٹ سمیت مختلف ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے جلو پارک میں ٹی ڈی سی پی ریزورٹ کے تعمیراتی کام، سیاحوں کے لیے ہٹس کی تعمیر اور موجودہ سہولیات کی اپ گریڈیشن کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہیں منصوبے پر ہونے والی پیش رفت اور تعمیراتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ جلو پارک میں سیاحوں کے لیے تعمیر کیے جانے والے ہٹس کو اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کام میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو باہمی رابطے اور کوآرڈینیشن کے ساتھ کام کرتے ہوئے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب حکومت کے 24 اسسٹنٹ کمشنر تبدیل کردیے، کون کہاں تعینات ہوا ہے؟
حکام کے مطابق جلو پارک میں ٹی ڈی سی پی ریزورٹ کی تعمیر و اپ گریڈیشن کا منصوبہ دسمبر 2026 تک مکمل کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سیاحتی مقامات کی اپ گریڈیشن کے لیے متعلقہ محکمے فیلڈ میں متحرک ہیں اور جلو پارک کی ترقی سے شہریوں اور سیاحوں کو بہترین تفریحی سہولیات میسر آئیں گی۔
دورے کے موقع پر اے ڈی سی میونسپل سروسز عبداللہ خان، چیف آفیسر ایم سی ایل کلیم یوسف، اے سی واہگہ حافظ ذیشان منظور اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔










