شالیمار(پنجاب پوسٹ)شالیمار کے علاقے میں گھریلو ناچاقی پر شوہر نے مبینہ طور پر اپنی دوسری بیوی پر فائرنگ کرکے اسے زخمی کردیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کردی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق علاودین نامی شخص کا اپنی دوسری بیوی رخسار کے ساتھ گھریلو معاملات پر جھگڑا ہوا۔ جھگڑے کے دوران ملزم نے طیش میں آکر رخسار کی ٹانگ پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئی۔
واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا، جبکہ زخمی خاتون کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی سول لائنز منزہ کرامت اور شالیمار پولیس موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزم علاودین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد بھی حاصل کی جارہی ہے۔
ایس پی سول لائنز منزہ کرامت کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔













