لاہور( پنجاب پوسٹ)لاہور میں کھڑی گاڑیوں کے شیشے توڑ کر قیمتی اشیاء چوری کرنے والا ملزم سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق ملزم شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں کی گاڑیوں کو نشانہ بناتا اور قیمتی سامان لے کر فرار ہو جاتا تھا۔ ملزم ماڈل ٹاؤن، شادمان، مین بلیوارڈ اور ایم ایم عالم روڈ پر ہونے والی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔
ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع ملنے کے بعد ورچوئل پٹرولنگ آفیسر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ملزم کی شناخت اور اس کے روٹ کی مکمل میپنگ کی۔ فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے ذریعے جرائم میں نمایاں کمی ممکن ہو رہی ہے، جبکہ جدید کیمروں کی مدد سے مجرمان کی بروقت نشاندہی اور گرفتاری کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت سرگرم ہے۔








