لاہور(پنجاب پوسٹ) فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ نے گرانفروشی اور زائد قیمتوں پر اشیائے خورونوش فروخت کرنے والوں کے خلاف پنجاب بھر میں بڑا کریک ڈاؤن کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ 7 روز کے دوران صوبے بھر میں 3 لاکھ 75 ہزار سے زائد انسپکشنز کی گئیں۔
ترجمان فوڈ سیفٹی کے مطابق گرانفروشی پر 1 کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 400 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔ روٹی کی مہنگے داموں فروخت پر سب سے زیادہ کارروائیاں کی گئیں، اس دوران 80 ہزار 30 معائنے کیے گئے، 112 افراد کو گرفتار اور 30 مقدمات درج کیے گئے۔
چکن گوشت مہنگا فروخت کرنے والے قصابوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 30 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 8 لاکھ 22 ہزار روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔ باسمتی چاول کی زائد قیمت پر فروخت کے خلاف کارروائی میں 11 افراد گرفتار جبکہ 77 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
آٹے کی گرانفروشی پر 15 ہزار 445 چھاپے مارے گئے، 3 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 2 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔ چینی کی اوور چارجنگ اور ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے پر 2 ایف آئی آرز درج کرکے 7 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ٹماٹر کی غیر قانونی گرانفروشی پر 5 مقدمات درج جبکہ 18 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ دالوں اور دیگر اشیائے خورونوش کی ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے پر ہزاروں دکانداروں کو نوٹسز جاری کیے گئے۔
فوڈ سیفٹی حکام کے مطابق پنجاب بھر میں 21 ہزار 717 سے زائد مقامات پر اوور چارجنگ کی نشاندہی ہوئی، جبکہ 2 ہزار 693 دکانوں پر ریٹ لسٹیں آویزاں نہیں تھیں۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پیرا ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے 24 دکانیں اور دیگر پریمسز سیل بھی کر دیے۔
ترجمان فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ نے واضح کیا کہ صوبے میں ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور گرانفروشی کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔











