لاہور(پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے فوڈ سیفٹی اور غذائیت کے شعبے میں ایک اہم اقدام کرتے ہوئے پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹریننگ سکول میں ہیلدی ڈائٹ ریسورس سنٹر قائم کر دیا ہے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی اور گین پاکستان کے اشتراک سے قائم کیے گئے اس ریسورس سنٹر کا مقصد عوام میں محفوظ خوراک، بہتر غذائیت اور صحت مند طرزِ زندگی کے حوالے سے آگاہی کو فروغ دینا ہے۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کا کہنا ہے کہ ہیلدی ڈائٹ ریسورس سنٹر فوڈ سیفٹی اور غذائیت سے متعلق جدید تربیت کا ایک جامع مرکز ثابت ہوگا، جہاں عوام کو نیوٹریشن سے متعلق آگاہی، مشاورت، بنیادی طبی معائنے اور ہیلتھ اسکریننگ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ریسورس سنٹر کے ذریعے فوڈ سیفٹی افسران، فوڈ ہینڈلرز اور ماہرین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے جدید تربیتی پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔
راجہ منصور احمد کے مطابق سنٹر میں حلال فوڈ، فوڈ فورٹیفکیشن، ایچ اے سی سی پی (HACCP)، ایف ایس ایس سی (FSSC) اور فوڈ سیفٹی کے دیگر جدید تربیتی پروگرامز بھی متعارف کروائے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فوڈ بزنس آپریٹرز کے لیے لیول تھری اور لیول فور کی تربیت کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے، جبکہ محفوظ خوراک کے فروغ اور صحت مند پنجاب کے قیام کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔










