لاہور(پنجاب پوسٹ ) پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے صوبہ بھر میں منشیات کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے گزشتہ 7 روز کے دوران 35 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، جن میں 32 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ڈی جی کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے مطابق لاہور، ڈی جی خان، راولپنڈی، ساہیوال، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور بہاولپور میں کامیاب کارروائیوں کے دوران 136 اعشاریہ 12 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں، جن کی مالیت 3 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔
برآمد ہونے والی منشیات میں چرس، افیون، آئس، کینابس، ہیروئن اور ایکسٹیسی گولیاں شامل ہیں، جبکہ کارروائیوں کے دوران 2 پستول بھی قبضے میں لیے گئے۔
ڈی جی سی این ایف کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "منشیات سے پاک پنجاب” وژن کے تحت منشیات فروشوں کے خلاف بلا تعطل کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک مجموعی طور پر 15 اعشاریہ 9 ٹن منشیات ضبط کی جا چکی ہیں، جن کی مالیت 2 ارب 15 کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مشکوک سرگرمیوں کی بروقت اطلاع دے کر منشیات کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔








