لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر شہرِ اولیاء ملتان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت، شہری سہولیات اور واسا کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس سلسلے میں سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) اور واسا کے افسران نے ترقیاتی منصوبوں اور جاری کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی ایم ڈی اے عطاالحق کھوکھر نے ایم ڈی اے کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے ملتان کے ماسٹر پلان پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی اے کا ٹاؤن پلاننگ ونگ غیر منظور شدہ تعمیرات کے خلاف مؤثر کارروائی کرے۔
نورالامین مینگل نے شہر کی سڑکوں، فٹ پاتھوں اور گرین بیلٹس کی بحالی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے پر زور دیا۔
اجلاس میں ایم ڈی واسا ملتان فیصل شوکت نے واسا کے امور اور شہر میں نکاسی آب کے انتظامات سے متعلق بریفنگ دی۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے مون سون کے پیش نظر واسا کو پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نالوں، ڈرینز اور مین ہولز کی ڈی سلٹنگ کا عمل باقاعدگی سے جاری رکھا جائے تاکہ بارشوں کے دوران شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نے ترقیاتی کاموں کی باقاعدہ مانیٹرنگ اور فیلڈ میں مؤثر نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور افسران فیلڈ میں موجود رہ کر کام کے معیار اور رفتار کی مسلسل نگرانی کریں۔
نورالامین مینگل نے کہا کہ شہریوں کو بہتر بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق ملتان کے ترقیاتی منصوبوں میں معیار، رفتار اور شفافیت یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو بروقت اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔











