لاہور(پنجاب پوسٹ)پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے بدھ کو لاہور میں مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے دفتر آمد پر سعودی سفیر کا پُرتپاک خیرمقدم کیا گیا، جبکہ ملاقات کے دوران پاک سعودی تعلقات، سفارتی روابط اور باہمی تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نواز شریف اور مریم نواز نے پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی سفارتی خدمات کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کے فروغ میں ان کے کردار کی تعریف کی۔
اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان میں اپنے قیام کو یادگار قرار دیا اور کہا کہ پاکستان میں انہیں حکومت اور عوام کی جانب سے ہمیشہ پُرخلوص محبت، احترام اور میزبانی حاصل ہوئی۔ انہوں نے پاکستانی حکومت اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا۔











