لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب میڈیکل فیکلٹی نے امتحانی نظام میں اہم تبدیلی کا فیصلہ سنا دیا،آئندہ تمام امتحانات ایم سی کیوز پر مشتمل ہوں گے۔
پنجاب میڈیکل فیکلٹی نے امتحانی نظام میں اہم اصلاحات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت آئندہ تمام سالانہ امتحانات نئے فارمیٹ کے تحت منعقد ہوں گے۔
پنجاب میڈیکل فیکلٹی کے تحت دسمبر سے تمام سالانہ امتحانات ایم سی کیوز (MCQs) پر مشتمل ہوں گے، جبکہ امتحانی پرچوں کی چیکنگ بھی جدید آپٹیکل مارک ریکگنیشن (OMR) مشین کے ذریعے خودکار طریقے سے کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور کی شاہراہوں پر ہزاروں پھولدار درخت لگانے کا فیصلہ، کون کون سے پودے لگیں گے؟
نئے امتحانی فارمیٹ کا مقصد امتحانی عمل کو مزید شفاف، تیز اور مؤثر بنانا ہے۔ خودکار چیکنگ کے نظام سے پیپرز کی جانچ پڑتال میں لگنے والا وقت کم ہوگا، جس کے نتیجے میں امتحانات کے نتائج جلد جاری کیے جا سکیں گے اور رزلٹ میں غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ ہوگا۔
پنجاب میڈیکل فیکلٹی کے مطابق نئے نظام کے تحت امیدواروں کے جوابات جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے چیک کیے جائیں گے، جس سے انسانی غلطی کے امکانات بھی کم ہوں گے اور امتحانی نتائج کی تیاری کا عمل مزید منظم ہو جائے گا۔
فیکلٹی حکام کا کہنا ہے کہ امتحانی نظام میں یہ تبدیلی طلبہ کے لیے زیادہ سہولت، شفافیت اور بروقت نتائج کی فراہمی کو یقینی بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔
پنجاب میڈیکل فیکلٹی کے تحت دسمبر سے منعقد ہونے والے تمام سالانہ امتحانات نئے ایم سی کیوز فارمیٹ کے مطابق ہوں گے۔










