فلک جاوید کی درخواست ضمانت پر آج بھی فیصلہ نہ ہو سکا، 24 اگست کو دوبارہ سماعت

لاہور (پنجاب پوسٹ) زمان پارک میں اسلام آباد پولیس پر حملے کے مقدمے میں صنم جاوید کی بہن فلک جاوید کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر انسداد دہشتگردی عدالت میں سماعت ہوئی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی۔


پراسیکیوشن نے مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے عدالت سے مزید مہلت طلب کی، جس پر عدالت نے درخواست ضمانت کی سماعت 24 اگست تک ملتوی کردی۔ عدالت نے سرکاری وکیل کو ضمانت کی درخواست پر دلائل دینے اور پراسیکیوشن کو مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔


ملزمہ کے وکیل نے اعلیٰ عدالتوں کے فیصلے بطور حوالہ پیش کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ فلک جاوید خاتون ہیں اور ضمانت پر رہائی ان کا قانونی حق ہے۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ تفتیش مکمل ہو چکی ہے، اس لیے ملزمہ کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔


سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فلک جاوید زمان پارک میں اسلام آباد پولیس کے افسران پر حملے میں ملوث ہیں، جبکہ ملزمہ سے پیٹرول بم بھی برآمد ہوا۔ سرکاری وکیل کے مطابق اسلام آباد پولیس بانی پی ٹی آئی کی رہائش گاہ پر طلبی کے سمن کی تعمیل کے لیے پہنچی تھی، جہاں مشتعل کارکنوں نے پولیس پر پیٹرول بم پھینکے اور افسران کو زخمی کیا۔


فلک جاوید اس مقدمے میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔ پولیس پر حملے کا مقدمہ تھانہ ریس کورس میں مقدمہ نمبر 410/23 کے تحت درج ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے