صادق آباد(پنجاب پوسٹ)میں پولیس نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے مسافر کوچ سے بغیر قانونی دستاویزات کے 2200 سے زائد بارہ بور کارتوس برآمد کرلیے، جبکہ کارروائی کے دوران دو افراد کو گرفتار اور کوچ کے ڈرائیور کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
اے ایس پی آغا انعام اللہ کی ہدایت پر ایس ایچ او سٹی صادق آباد اور پولیس ٹیم نے تھانہ سٹی کی حدود میں خفیہ اطلاع پر مسافر کوچ کی تلاشی لی۔ دورانِ تلاشی کوچ سے تقریباً 2200 بارہ بور کارتوس برآمد ہوئے، جن کے حوالے سے کوئی قانونی اجازت نامہ یا دستاویز پیش نہیں کی جا سکی۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں اے آئی انقلاب، اگلے تین سال میں مریم نواز کیا کرنے جارہی ہیں؟
پولیس کے مطابق کارتوس لے جانے والے دو افراد کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا، جبکہ کوچ کے ڈرائیور کو بھی حراست میں لے کر مسافر کوچ قبضے میں لے لی گئی۔ پولیس نے کارتوس بھیجنے والے اور آخری وصول کنندہ ملزمہ کو بھی مقدمے میں نامزد کردیا ہے۔واقعے کا مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے، جبکہ کارتوس کی ترسیل، مالکان اور دیگر ممکنہ سہولت کاروں سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔













