لاہور(پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں تعلیم کے شعبے میں بڑے فیصلوں کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں سکول اور ہائر ایجوکیشن کے مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور طلبہ کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے متعدد اقدامات کی منظوری دی گئی۔
فیصلہ کیا گیا کہ گوگل کے تعاون سے پنجاب کے ایک لاکھ سے زائد طلبہ کو مفت سرٹیفکیشن کورسز کرائے جائیں گے، جن میں سائبر سکیورٹی، مصنوعی ذہانت، بزنس انٹیلی جنس اور دیگر جدید شعبے شامل ہوں گے۔ ان کورسز کی فیس، جو 400 سے 1000 ڈالر تک ہے، طلبہ سے وصول نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے ہونہار سکالرشپ پروگرام کے تحت تمام اہل طلبہ کو وظیفہ دینے کی ہدایت دی، جس کے تحت پہلی مرتبہ 62 ہزار 949 طلبہ کو سکالرشپس دی جائیں گی۔ مزید برآں، 166 سرکاری کالجز میں جدید آئی ٹی لیبز قائم کرنے اور کالجز میں معیار بہتر بنانے کیلئے کے پی آئیز متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں تمام کامرس کالجز کو یونیورسٹیوں سے منسلک کرنے، طلبہ کیلئے الیکٹروبس سہولت فراہم کرنے اور اقلیتی طلبہ کو بھی اوپن میرٹ پر لیپ ٹاپ دینے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے سرگودھا سمیت دیگر علاقوں میں تعلیمی اداروں کی بہتری کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی۔
حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد پنجاب میں جدید تعلیم کے فروغ، طلبہ کی استعداد کار بڑھانے اور انہیں عالمی معیار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔








