راولپنڈی ( پنجاب پوسٹ ) معروف ٹک ٹاکر، کانٹینٹ کری ایٹر اور ہیوی بائیک رائیڈر کومل جان کی دریائے سواں میں پُراسرار موت کا واقعہ معمہ بن گیا، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے حادثاتی طور پر دریا میں گرنے اور خودکشی سمیت مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینا شروع کردیا۔ پولیس کے مطابق 28 سالہ کومل جان کی لاش گزشتہ روز راولپنڈی میں دریائے سواں سے برآمد ہوئی تھی، واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے خاتون کے اہلخانہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے کسی کارروائی کی خواہش ظاہر نہیں کی، تاہم پولیس نے قانونی تقاضوں کے تحت لاش کا پوسٹ مارٹم کروایا، پولیس اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کررہی ہے کہ کومل جان دریائے سواں کے پل سے حادثاتی طور پر گریں یا واقعہ کسی دوسرے معاملے کا نتیجہ ہے، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی موت کی حتمی وجہ سامنے آسکے گی۔
اہلخانہ نے بتایا ہے کہ کومل جان واقعے سے ایک روز قبل معمول کے مطابق اپنے دفتر گئی تھیں اور اہلخانہ سے فون پر بھی بات ہوئی تھی، اس وقت تک کوئی غیر معمولی صورتحال محسوس نہیں ہوئی تھی، تاہم بعد ازاں اچانک ان کے دریا میں گرنے کی اطلاع موصول ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جس مقام کے قریب سے کومل جان دریا میں گریں، وہیں سے ان کی موٹرسائیکل اور بیگ بھی مل گیا، بارشوں کے باعث دریائے سواں میں پانی کی سطح بھی بڑھی ہوئی بتائی جاتی ہے، جس کے باعث پولیس اس امکان کو بھی زیرِ غور رکھے ہوئے ہے کہ بائیک رائیڈنگ یا ویڈیو بنانے کے دوران وہ حادثاتی طور پر پھسل کر دریا میں جاگری ہوں۔
پولیس حکام نے کہا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور دستیاب شواہد، جائے وقوعہ کی صورتحال اور دیگر متعلقہ معلومات کی روشنی میں موت کی اصل وجہ کا تعین کیا جائے گا، فی الحال واقعے کو حتمی طور پر خودکشی یا حادثہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔
بتایا جارہا ہے کہ کومل جان الیکشن کمیشن کی ملازمہ بھی تھیں اور ہیوی بائیک چلانے کے شوق کے باعث سوشل میڈیا پر اپنی بائیک رائیڈنگ سے متعلق ویڈیوز بھی شیئر کرتی تھیں، کومل جان سوشل میڈیا پر بائیک رائیڈنگ سے متعلق ویڈیوز کے باعث خاصی مقبول تھیں، وہ اپنی ملازمت کے ساتھ ساتھ ہیوی بائیکنگ کو بطور شوق اپنائے ہوئے تھیں اور اپنی رائیڈز کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرتی تھیں۔













