لاہور ( پنجاب پوسٹ ) لاہور پولیس نے خواتین کو بروقت پولیس معاونت اور قانونی سہولیات کی فراہمی کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے شہر کے 84 تھانوں میں خواتین پولیس افسران کی 24 گھنٹے موجودگی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد خواتین کو کسی بھی وقت اپنی شکایت کے اندراج، قانونی معاونت اور پولیس سے رابطے کے لیے محفوظ اور بااعتماد ماحول فراہم کرنا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق اب خواتین کو رات کے اوقات میں بھی پولیس سے رابطے کے لیے کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ خواتین پولیس افسران کی موجودگی کے باعث گھریلو تشدد، ہراسانی اور خواتین سے متعلق دیگر شکایات پر فوری رسپانس کو یقینی بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : فیصل آباد ، پولیس نے چوری شدہ مال کیسے برآمد کیا اور اصل مالکان تک کیسے پہنچایا؟
انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹے خواتین افسران کی موجودگی سے خواتین کو بلاجھجھک اپنی شکایات بیان کرنے میں آسانی ہوگی جبکہ ان کے مسائل کے بروقت ازالے اور مؤثر قانونی معاونت کے لیے پولیس سروس ڈلیوری کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
فیصل کامران کا کہنا تھا کہ خواتین کے لیے پولیس سے رابطہ مزید آسان، محفوظ اور بااعتماد بنانا لاہور پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ہر خاتون کو یہ یقین ہونا چاہیے کہ مشکل کی کسی بھی گھڑی میں پولیس اس کے ساتھ موجود ہے۔
لاہور پولیس کے اس اقدام سے خواتین کو دن یا رات کسی بھی وقت اپنی شکایات کے حوالے سے پولیس سے براہِ راست رابطے اور ضروری قانونی معاونت حاصل کرنے میں سہولت میسر آئے گی۔













