قصور(پنجاب پوسٹ ) تھانہ کوٹ رداہاکشن کے علاقے بھمبہ کلاں میں غیر قانونی منی پٹرول مشین کو رات گئے آگ لگنے سے دکان مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی جبکہ پانچ سے زائد موٹر سائیکلیں بھی نذر آتش ہو گئیں اور قریبی دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی اور پٹرول کی موجودگی کے باعث شعلے تیزی سے پھیل گئے، جس سے بڑے نقصان کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ تاہم بروقت کارروائی سے مزید جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔
شہریوں نے محکمہ سول ڈیفنس پر غفلت اور نااہلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع بھر میں غیر قانونی منی پٹرول پمپس کھلے عام چل رہے ہیں جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ متعدد بار شکایات کے باوجود مؤثر کارروائی نہیں کی گئی، جس کے باعث ایسے خطرناک کاروبار میں اضافہ ہو رہا ہے۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے فوری نوٹس لے کر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔








