عارف والا ( پنجاب پوسٹ ) بابا رودے شاہ کے سالانہ عرس کی تقریب اس وقت سوگ میں بدل گئی جب نامعلوم مسلح ملزمان نے تین سگے بھائیوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک بھائی موقع پر جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ عارف والا کے نواحی علاقے چوک مرلے کے قریب واقع بابا رودے شاہ کے عرس کے دوران پیش آیا، جہاں چک نمبر 23 کے بی کے رہائشی تین بھائی محمد سعید، اکبر علی اور محمد عثمان موجود تھے کہ اچانک نامعلوم ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں محمد سعید موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ان کے بھائی اکبر علی اور محمد عثمان شدید زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال عارف والا منتقل کیا، جہاں محمد عثمان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جبکہ اکبر علی کو بھی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی عارف والا رانا تنویر سرور، ایس ایچ او قبولہ اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے، مقتول کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی، جبکہ فرانزک شواہد کی روشنی میں تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ سابقہ دشمنی اور ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، تاہم ان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور علاقے کی ناکہ بندی بھی کر دی گئی ہے۔
ڈی ایس پی رانا تنویر سرور کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے اور شواہد کی روشنی میں مزید پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔








