راولپنڈی ( پنجاب پوسٹ ) پاک فوج نے بھارت پر واضح کیا ہے کہ پاکستان کے جائز پانی کے حصے کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے سے قطعاً گریز نہیں کیا جائےگا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 276ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں دہشتگردی، علاقائی سلامتی اور قومی دفاع سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے پاکستان کی مسلح افواج کی آپریشنل تیاری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور جنگی استعداد پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
سندھ طاس معاہدے پر بھارتی بیانات کا سخت نوٹس
سندھ طاس معاہدہ سے متعلق بھارت کے بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے شرکا کانفرنس نے واضح کیاکہ قومی سلامتی کمیٹی کی 24 اپریل 2025 کی ہدایت اس بارے میں مکمل رہنمائی فراہم کرتی ہے۔کور کمانڈرز نے کہاکہ افواج پاکستان حکومتی ہدایات اور پاکستانی عوام کی اُمنگوں کے مطابق پاکستان کے جائز پانی کے حصے کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے سے قطعاً گریز نہیں کریں گی۔
خطے میں پائیدار امن و استحکام افغان طالبان کے زیر تسلط زمین پر بھارتی پراکسیوں کی روک تھام سے مشروط
کور کمانڈرز کانفرنس نے افغان طالبان رجیم کے زیر تسلط علاقوں سے پاکستان پر بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد گروپوں کے حملوں کی منصوبہ بندی اور مسلسل استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔فورم نے کہاکہ خطے میں پائیدار امن و استحکام افغان طالبان کے زیر تسلط زمین پر بھارتی پراکسیوں کی روک تھام سے مشروط ہے۔کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ یہ ذمہ داری افغان طالبان رجیم کی خودساختہ لیڈر شپ کی ہے کہ ان کے زیر تسلط زمین پاکستان میں دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہو۔فورم نے کہاکہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف اپنی عوام کے تحفظ اور دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے۔ اور پاکستان کی مسلح افواج آپریشن غضب للحق کے تحت افغان طالبان کے زیر قبضہ علاقوں سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھیں گی۔شرکا نے کہاکہ یہ لازم ہے کہ دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں میں بہترین گورننس کا نظام مہیا کیا جائے۔ ایسا مضبوط انتظامی ڈھانچہ جو نہ صرف عوامی خدمت اور فلاح و بہبود پر مرکوز ہو بلکہ مذموم سیاسی پشت پناہی میں پنپنے والے دہشتگردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کو توڑے۔
انتشاریوں کو سختی سے کچلا جائے گا، کور کمانڈرز
کور کمانڈرز نے کہاکہ معرکہ حق میں عبرتناک شکست کے بعد دشمن چاہتا ہے کہ کسی طرح ہائبرڈ وارفیئر اور جھوٹے بیانیوں کی مدد سے بدامنی پھیلائی جائے۔ بیرونی مدد سے انتشار پھیلانے والی ہر ایسی کوشش کو بغیر کسی پس و پیش کے سختی سے کچلا جائے گا۔کورکمانڈرز کانفرنس کے مطابق خطے میں پائیدار امن و استحکام افغان طالبان کے زیر تسلط زمین پربھارتی پراکسیوں کی روک تھام سے مشروط ہے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی عوام کے تحفظ اور دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے۔
کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، کورکمانڈرز
کور کمانڈرز کانفرنس میں کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا گیا ، آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی، فورم نے مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ آبادیاتی تبدیلی کی پالیسیوں کو مسترد کرتے ہوئے اس کی بھی مذمت کی۔کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی غیر متزلزل سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا گیا، شرکا کا کہنا تھا کشمیریوں کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کا ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت دیا جائے۔
کانفرنس کے شرکا نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بے گناہ شہریوں کے شہدا کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہدا کی قربانیاں پاکستان کی سلامتی، اتحاد اور استحکام کی بنیاد ہیں۔کانفرنس میں علاقائی استحکام کو فروغ دینے اور کشیدگی میں کمی پر پاکستان کے تعمیری کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔










