لاہور : (پنجاب پوسٹ )میں چوکی سبزی منڈی پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے سبزی کی آڑ میں منشیات فروشی میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کو موہنی روڈ اور ضلع قصور سے گرفتار کیا گیا۔ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ پہلے گرفتار ہونے والے ملزم بابر کی نشاندہی پر اس کے ساتھی ملزم طارق کو بھی حراست میں لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں :فیصل آباد میں جعلی کالی مرچ تیار کرنے والے مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، یونٹ سیل، 2 ملزمان گرفتار
دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزمان ضلع قصور سے ٹماٹروں کی پیٹیوں میں منشیات چھپا کر لاہور لاتے تھے اور بعد ازاں سبزی منڈی میں اسے چھوٹی چھوٹی پوٹیوں کی صورت میں فروخت کرتے تھے۔پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف سبزی منڈی چوکی میں شکایات موصول ہوئی تھیں، جس کے بعد خفیہ نگرانی اور کارروائی کے نتیجے میں دونوں ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان بابر اور طارق کے قبضے سے مجموعی طور پر 2 کلو 640 گرام چرس برآمد ہوئی ہے۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں مسلسل جاری ہیں اور معاشرے کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔















