لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کسان دوست ویژن کے تحت صوبے میں زرعی شعبے کی بہتری کے لیے اہم اقدامات جاری ہیں، جس کے تحت پنجاب میں پہلی مرتبہ کاشتکاروں کو تمام زرعی سہولتیں ایک ہی چھت تلے اور گاؤں کے قریب فراہم کی جا رہی ہیں۔پنجاب کو اب "ون سٹاپ ایگریکلچر ان پٹ مارکیٹ” کے دور میں داخل کر دیا گیا ہے، جہاں کاشتکاروں کو بیج، کھاد، زرعی مداخل، ماہرین سے مشاورت اور جدید سہولتیں ایک ہی جگہ دستیاب ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں:جہیز کے سامان کاتنازعہ فیملی کورٹ کامعاملہ، لاہور ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ
ابتدائی مرحلے میں صوبے کے چار اضلاع ملتان، بہاولپور، ساہیوال اور سرگودھا میں ماڈل ایگریکلچر مال مکمل طور پر فعال کر دیے گئے ہیں۔ ان مراکز پر نہ صرف زرعی مداخل فراہم کیے جا رہے ہیں بلکہ کاشتکاروں کو جدید زرعی آلات رینٹ پر لینے کی سہولت بھی میسر ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس منصوبے کو مزید وسعت دیتے ہوئے 10 مزید اضلاع میں فوری طور پر ماڈل ایگریکلچر مال قائم کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
نئے منصوبے کے تحت فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ اور خانیوال سمیت دیگر اضلاع میں بھی ماڈل ایگریکلچر مالز قائم کیے جائیں گے، جبکہ راجن پور، وہاڑی، رحیم یار خان، اٹک اور میانوالی میں بھی یہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔حکومت پنجاب کے مطابق ان ایگریکلچر مالز کا انتظام و انصرام نجی شعبے کے اشتراک سے جی سی سی آئی کے تعاون سے کیا جا رہا ہے، تاکہ نظام کو زیادہ مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:برآمدی آرڈرز میں نمایاں اضافہ، پاکستان کا صنعتی شعبہ دوبارہ توسیع کی راہ پر گامزن
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے کاشتکار کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے اور ان کے مطابق "پنجاب کے کسان کی تقدیر بدل رہی ہے اور اچھے دن آ چکے ہیں۔”انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں مرحلہ وار ماڈل ایگریکلچر مالز قائم کیے جائیں گے تاکہ ہر کاشتکار جدید زرعی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکے۔پنجاب حکومت کے مطابق یہ منصوبہ زرعی معیشت کی بہتری، پیداوار میں اضافہ اور کسان کی معاشی مضبوطی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔








