کوٹلی ستیاں ( پنجاب پوسٹ) اسسٹنٹ کمشنر کوٹلی ستیاں محمد تیمور عادل کی ہدایت پر کوٹلی ستیاں میں عید الاضحیٰ کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر کوٹلی ستیاں نے خود کی، جبکہ متعلقہ محکموں کے افسران اور نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی، سکیورٹی انتظامات، ٹریفک کی روانی، قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے مقامات، ویسٹ مینجمنٹ، عوامی سہولیات اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر مختلف اداروں کو اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دینے اور عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔
اسسٹنٹ کمشنر کوٹلی ستیاں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عید الاضحیٰ کے دوران صفائی کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے، قربانی کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں، جبکہ بازاروں اور عوامی مقامات پر سکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے تاکہ شہریوں کو پرامن اور صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عید کے ایام میں شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی، اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔










