سیالکوٹ ( پنجاب پوسٹ) سیالکوٹ میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی۔ نہر اپر چناب کمبھرانوالہ کے مقام پر فرضی مشق کا انعقاد کیا گیا جہاں مختلف اداروں نے سیلاب کے دوران امدادی کارروائیوں کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔
سیالکوٹ میں ڈی سی صباء اصغر علی کی خصوصی ہدایت پر ریسکیو 1122 نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے نہر اپر چناب کمبھرانوالہ کے مقام پر فرضی مشق کا انعقاد کیا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی زیر نگرانی ہونے والی مشقوں میں ریسکیو 1122، ہیلتھ، واسا، محکمہ انہار، لائیو اسٹاک نے حصہ لیا اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے آلات اور امدادی سامان کے سٹال بھی لگائے گئے۔
فرضی مشق کے دوران ریسکیو 1122 اور ریسکیو سکاؤٹس نے سیلاب میں پھنسے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے، ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے اور ڈوبنے والے افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ملک عباس ذوالقرنین، اے سی سمبڑیال عدنان بشیر، ایکسین ایریگیشن فہد اور دیگر افسران نے مشقوں کا جائزہ لیا اور مختلف سٹالز کا دورہ بھی کیا۔اس موقع پر اے ڈی سی آر کا کہنا تھا کہ ایسی فرضی مشقوں کا مقصد اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آلات کی آپریشنل تیاری کو جانچنا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔














