لاہور(پنجاب پوسٹ) پنجاب یونیورسٹی کی سکیورٹی انتظامیہ نے نیو کیمپس گیٹ نمبر ایک پر کارروائی کرتے ہوئے شراب کی متعدد بوتلیں برآمد کر لیں اور گاڑی میں سوار دو مردوں اور ایک خاتون کو حراست میں لے لیا۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے ملزمان اور برآمد ہونے والی شراب کو مزید قانونی کارروائی کیلئے مسلم ٹاؤن پولیس کے حوالے کر دیا۔
ترجمان جامعہ پنجاب کے مطابق سکیورٹی آفیسر شہباز نے نیو کیمپس گیٹ نمبر ایک پر سوزوکی ویگن آر کو مشکوک جانتے ہوئے چیک کیا تو گاڑی سے شراب کی متعدد بوتلیں برآمد ہوئیں۔ گاڑی میں دو مرد اور ایک خاتون سوار تھے، جن کی شناخت یونیورسٹی کے سینٹری ورکر کامران مسیح، نبیل مسیح اور ربکا عمران کے نام سے ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے سخت سکیورٹی ایس او پیز کے باعث شراب کی مبینہ سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی۔ جامعہ پنجاب میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی ہرگز قابل برداشت نہیں۔
واقعے پر وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے بروقت کارروائی کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں کو شاباش دی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔













