لاہور(پنجاب پوسٹ) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی ورچوئل پٹرولنگ ٹیم نے کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے موٹر سائیکل چوری کرنے والے ملزم کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کروا دیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی۔

ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق 16 نومبر کو لاہور کے علاقے ٹرنر روڈ سے موٹر سائیکل چوری ہوئی تھی، جس کا مقدمہ تھانہ مزنگ میں درج کیا گیا تھا۔ سیف سٹی کی ورچوئل پٹرولنگ ٹیم نے کیمروں کی مدد سے چوری شدہ موٹر سائیکل کی ملتان روڈ پر نشاندہی کی۔
ترجمان کے مطابق سیف سٹی ٹیم نے سی سی ٹی وی فوٹیجز اور روٹ ٹریسنگ کی مدد سے ملزم کی یتیم خانہ چوک پر موجودگی کا سراغ لگایا، جس پر فوری طور پر ٹریفک پولیس اور تھانہ نواں کوٹ پولیس کو اطلاع دی گئی۔ پولیس نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کر لی۔

ترجمان سیف سٹیز کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کیمرے جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی اور گرفتاری میں پولیس کو مؤثر معاونت فراہم کر رہے ہیں۔













