لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور میں سموگ اور فضائی آلودگی کے اثرات کم کرنے کیلئے ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور کے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔ شہر بھر کی اہم شاہراہوں، گرین بیلٹس اور پارکوں میں صبح و شام درختوں اور پودوں کی دھلائی کی جا رہی ہے تاکہ پتوں پر جمی گرد، دھول اور آلودگی کی تہہ صاف کی جا سکے۔

ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور راجہ منصور احمد کے مطابق درختوں اور پودوں کی باقاعدہ دھلائی شہری ہریالی برقرار رکھنے اور ماحولیاتی بہتری میں معاون ہے۔ سموگ اور فضائی آلودگی کے اثرات میں کمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
راجہ منصور احمد کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ’’سرسبز لاہور‘‘ وژن کے تحت ٹری واشنگ سمیت مختلف اقدامات جاری ہیں۔ درختوں کی صحت، پودوں کی دیکھ بھال اور شہری ماحول کی بہتری کیلئے ٹری واشنگ ایک اہم اقدام ہے جبکہ شہر کی ہریالی برقرار رکھنا پی ایچ اے کی ترجیحات میں شامل ہے۔














