لاہور(پنجاب پوسٹ)باغات کا شہر لاہور ایک بار پھر سموگ کی لپیٹ میں آگیا ہے۔ فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا، جہاں مجموعی ائیر کوالٹی انڈیکس کی شرح 306 ریکارڈ کی گئی۔
شہر کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک رہی۔ پیراگون سٹی میں اے کیو آئی 469، گلبرگ ٹو میں 406، اقبال ٹاؤن میں 388، کینٹ میں 360 اور ایم ایم عالم روڈ پر 358 ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 232 ریکارڈ، سموگ کے خلاف پنجاب بھر میں کریک ڈاؤن تیز
اسی طرح ماڈل ٹاؤن میں 320، چمن پارک میں 285، ڈی ایچ اے فیز فائیو میں 270، بیدیاں روڈ پر 252 جبکہ عسکری ٹین میں 212 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے اور باہر نکلتے وقت ماسک استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج بارش کا کوئی امکان نہیں۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 اور کم سے کم 13 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد ہے اور 3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔













