رحیم یار خان(پنجاب پوسٹ) تھانہ صدر خانپور کی حدود میں موضع کامل لاڑ کے قریب پولیس اور جرائم پیشہ ملزمان کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں 2 ڈاکو مارے گئے جبکہ ان کے 4 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان بین الصوبائی گینگ کے کارندے تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کی ایک ڈیرے پر موجودگی کی اطلاع ملی تھی، جس پر پولیس نے علاقے کا گھیراؤ کیا۔ پولیس کی موجودگی کا علم ہوتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم موضع کامل لاڑ میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 ملزمان مارے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:تھانہ سرائے سدھو کی حدود بربیگی کے مقام پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان کے خلاف ڈکیتی اور لوٹ مار کے ایک درجن سے زائد مقدمات درج ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ دونوں ملزمان کی لاشیں پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی کے لیے خانپور اسپتال منتقل کر دی گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا مزید ریکارڈ دیگر اضلاع سے بھی حاصل کیا جا رہا ہے تاکہ ان کے جرائم کی تفصیلات سامنے آ سکیں۔ فرار ہونے والے 4 ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور ان کی تلاش کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔















