ننکانہ صاحب( پنجاب پوسٹ) پنجاب اسمبلی نے شاہکوٹ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے متعلق ایک اہم قرارداد کثرتِ رائے سے منظور کر لی۔ قرارداد ایوان میں رانا محمد ارشد نے پیش کی، جس میں گورنمنٹ گریجویٹ کالج شاہکوٹ کو یونیورسٹی سب کیمپس کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا گیا۔
قرارداد کے متن میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے وژن کے تحت تعلیم کی فراہمی کو سراہا گیا، جبکہ شہباز شریف کے دور میں تعلیمی شعبے میں ترقی، نئے کالجز اور یونیورسٹیوں کے قیام کا بھی ذکر کیا گیا۔ مزید برآں، مریم نواز کی جانب سے پنجاب میں ہائر ایجوکیشن اداروں کے قیام کے لیے جاری اقدامات کو بھی اجاگر کیا گیا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ شاہکوٹ اور اس کے گردونواح میں یونیورسٹی سب کیمپس نہ ہونے کے باعث طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر گورنمنٹ گریجویٹ کالج شاہکوٹ کو سب کیمپس قرار دینے اور اسے نئے سب کیمپسز کے منصوبے میں شامل کرنے کی سفارش کی گئی۔
مزید تجاویز میں کالج میں جدید بی ایس پروگرامز کے اجرا کی منظوری، مقامی سطح پر اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانا، اور گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 1 اور 2 شاہکوٹ کو ہائر سیکنڈری اسکولز میں اپ گریڈ کرنے کی سفارش شامل ہے۔ قرارداد میں یہ بھی تجویز دی گئی کہ انٹرمیڈیٹ کلاسز کو اپ گریڈ شدہ اسکولز میں منتقل کیا جائے۔
قرارداد کے مطابق یہ تعلیمی اقدامات خطے کے نوجوانوں کے بہتر مستقبل اور اعلیٰ تعلیم تک آسان رسائی میں معاون ثابت ہوں گے۔












