لاہور (پنجاب پوسٹ) سوئی ناردرن گیس کمپنی کے سسٹم پر ایل این جی کی قیمت میں بڑی کمی کر دی گئی، رواں ماہ ایل این جی صارفین کے لیے بلنگ ریٹ 4 ہزار 213 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل ایل این جی صارفین کے لیے بلنگ ریٹ 5 ہزار 433 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو تھا، یوں ایل این جی کی قیمت میں ایک ہزار روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے زائد کی کمی ہوئی ہے۔ دو ماہ کے دوران ایل این جی کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
قیمت میں کمی کے باعث سوئی ناردرن کے ایل این جی کنکشنز کے بلوں میں بھی کمی ہوئی ہے، ایل این جی کنکشن رکھنے والے صارفین کو رواں ماہ بلوں میں بڑا ریلیف مل گیا۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ ماہ ایل این جی کی بلند قیمت کے باعث صارفین کو بھاری بھرکم بلز موصول ہوئے تھے۔ بین الاقوامی سطح پر سپلائی متاثر ہونے کے باعث گزشتہ ماہ ایل این جی کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے باعث ایل این جی کی درآمد متاثر ہوئی تھی، ایل این جی کی درآمد میں رکاوٹ کے باعث عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں تیزی دیکھی گئی۔
درآمدی ایل این جی کی بلند قیمت کا براہ راست اثر سوئی ناردرن کے ایل این جی صارفین کے بلوں پر پڑا، ایل این جی کی قیمت بڑھنے سے گزشتہ ماہ صارفین کو معمول سے کہیں زیادہ بل ادا کرنا پڑے۔
رواں ماہ ایل این جی کی قیمت میں کمی کے بعد صارفین کے بلوں میں بھی کمی ہوئی ہے۔ سوئی ناردرن سسٹم پر ایل این جی کی قیمت 5 ہزار 433 روپے سے کم ہو کر 4 ہزار 213 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگئی ہے۔
ایل این جی کی قیمت میں کمی سے گھریلو، کمرشل اور دیگر ایل این جی کنکشنز کے صارفین کو ریلیف ملا ہے۔










