لاہور (پنجاب پوسٹ) آکسفورڈ لا کالج اوکاڑہ میں ڈائریکٹر پروفیسر مرزا عرفان بیگ کی زیرِ قیادت ایک باوقار اور روحانی تقریب "سیرت النبی ﷺ” کا انعقاد کیا گیا، جس میں سرورِ کونین، حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور تعلیمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا
آکسفورڈ لا کالج اوکاڑہ میں ڈائریکٹر پروفیسر مرزا عرفان بیگ کی زیرِ قیادت ایک باوقار اور روحانی تقریب "سیرت النبی ﷺ” کا انعقاد کیا گیا، جس میں سرورِ کونین، حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور تعلیمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مختلف نعت خواں حضرات نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے اور اپنی خوبصورت آوازوں سے حاضرین کے قلوب کو منور کیا۔
نعت خوانی کے اس روح پرور ماحول نے پوری تقریب کو روحانی انوار سے معطر کر دیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اوکاڑہ سے معزز وکلائے کرام اور بار کے سینئر اراکین نے بطورِ خاص شرکت کی اور تقریب کو رونق بخشی۔
ڈائریکٹر پروفیسر مرزا عرفان بیگ نے اپنے خطاب میں سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی زندگی ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہے اور بالخصوص قانون کے شعبے سے وابستہ افراد کے لیے آپ ﷺ کا اسوۂ حسنہ عدل، انصاف اور سچائی کا اعلیٰ ترین معیار فراہم کرتا ہے۔تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، امّتِ مسلمہ کی اتحاد اور کالج کی ترقی کے لیے بالخصوص دعا کی گئی











