لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیر صدارت ہارٹیکلچر ایجنسیز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے کے 20 اضلاع میں موجود 6500 ایکڑ گرین ایریاز کو مزید بہتر اور خوبصورت بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ہارٹیکلچر اور بیوٹیفیکیشن کے شعبوں میں روایتی طریقوں کی جگہ جدید مشینی نظام متعارف کرانے کی تجویز پیش کی گئی۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نور الامین مینگل اور ڈی جی پی ایچ اے احمد عثمان جاوید نے صوبائی وزیر کو ہارٹیکلچر ایجنسیز کے امور، کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ 20 ہارٹیکلچر ایجنسیز کے پاس مجموعی طور پر 6500 ایکڑ گرین ایریا موجود ہے، جس کی مناسب دیکھ بھال اور بہتری کے لیے جدید نظام اپنانا ضروری ہے۔ انہوں نے نرسریوں کے معیار کو بھی مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
بلال یاسین نے کہا کہ ہارٹیکلچر ایجنسیز کے پاس اپنے ریونیو میں اضافے کی وسیع گنجائش موجود ہے، اس لیے ریونیو وصولی کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں فوڈ سٹریٹس اور تفریحی سہولیات کو بہتر بنانے، پارکس کی میپنگ اور ہارٹیکلچر سے متعلق مشینری کی مؤثر نگرانی کے لیے مشینری ٹریکنگ سسٹم کو مزید فعال بنانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکام کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے گرین ایریاز کی دیکھ بھال، پارکس کے انتظام اور بیوٹیفیکیشن کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔










