پراپرٹی ڈیلر ہونا فراڈ ثابت نہیں کرتا ، لاہور ہائیکورٹ نے جائیداد فراڈ کیس میں دو ملزمان کی عبوری ضمانت منظورکرلی

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ کسی معاہدے پر بطور گواہ دستخط کرنا بذاتِ خود جعلسازی یا فراڈ کا ثبوت نہیں۔ عدالت نے جائیداد فراڈ کیس میں نامزد دو ملزمان کی قبل از گرفتاری عبوری ضمانت کنفرم کر دی۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے انصار علی سمیت دیگر درخواست گزاروں کی درخواستوں پر 9 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ مقدمہ لاہور کے تھانہ ہربنس پورہ میں فراڈ اور دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق مدعی نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ملزمان نے خود کو پراپرٹی ڈیلر ظاہر کرتے ہوئے جعلی مالک سے پلاٹ کا سودا کرایا، جس کے لیے 64 لاکھ روپے ادا کیے گئے، جبکہ پلاٹ کی تعمیر پر مزید 40 لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔ بعد ازاں پلاٹ کا اصل دعوے دار سامنے آ گیا۔

یہ بھی پڑھیں:لاہور ہائیکورٹ کا کمیشن برائے حقوقِ خواتین کی چیئرپرسن کی تعیناتی پر فیصلہ، درخواست چیف سیکرٹری پنجاب کو بھجوا دی

فیصلے میں عدالت نے قرار دیا کہ صرف پراپرٹی ڈیلر ہونا فراڈ ثابت کرنے کے لیے کافی نہیں، جبکہ ریکارڈ پر ایسا کوئی مواد موجود نہیں جس سے ملزمان کی ابتدائی بدنیتی ثابت ہو سکے۔

عدالت نے مزید کہا کہ درخواست گزاروں کے مطابق پلاٹ کی خرید و فروخت مدعی اور مبینہ مالک کے درمیان ہوئی، انہوں نے کوئی رقم وصول نہیں کی بلکہ صرف بطور گواہ دستخط کیے۔ مدعی کی جانب سے پیش کی گئی ویڈیوز میں اگرچہ ملزمان رقم گنتے ہوئے نظر آتے ہیں، تاہم ان تصاویر سے فراڈ یا جعلسازی سے آگاہی ثابت نہیں ہوتی۔

لاہور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ جعلی دستاویزات کی تیاری یا حصول میں ملزمان کا کردار بادی النظر میں ثابت نہیں ہوا، اور صرف یہ الزام کہ رقم ملزمان کے دفتر میں ادا ہوئی، گرفتاری کے لیے کافی نہیں۔

عدالت نے قرار دیا کہ دھوکہ دہی ثابت کرنے کے لیے ابتدا ہی سے بدنیتی کا ہونا ضروری ہے، جبکہ ملزمان کی گرفتاری سے تحقیقات کا کوئی مؤثر مقصد بھی حاصل نہیں ہوگا۔

عدالت نے دونوں ملزمان کی قبل از گرفتاری ضمانت دو، دو لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض کنفرم کرنے کا حکم دے دیا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے